وزیراطلاعات پنجاب کی میڈیا نمائندوں سے بدتمیزی

وزیراطلاعات پنجاب کی میڈیا نمائندوں سے بدتمیزی
لاہور؛پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان ریاست مدینہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر سیخ پا ہوگئے۔ انہوں نے صحافیوں کو نازیبا الفاظ سے نوازا اور الحمرا آرٹ کونسل میں منعقدہ تقریب سے رخصت ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان الحمرا آرٹ کونسل میں جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کی یاد میں منعقد کی گئی تصویروں کی نمائش میں شریک ہوئے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے قاضی حسین احمد کے خواب کو وزیراعظم عمران خان پورا کریں گے، جرات اور ہمت کے بغیر کوئی لیڈر نہیں بنتا، قاضی حسین احمد اور عمران خان کا ایک ہی موقف ہے، عمران خان ان کے نقشے قدم پر ہی عمل پیرا ہوں، پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنایا جائیگا ، قاضی حسین کا نام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ایک صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ آپ کی حکومت پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا دعوی کررہی ہے لیکن امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ ریاست مدینہ کا وعدہ کھوکھلا نعرہ ثابت ہوا ہے اور اس جانب عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے میڈیا کو بے شرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعزیتی ریفرنس میں ایسا سوال نہیں کرنا چاہیے، صوبائی وزیر کے اس جواب نے صحافیوں کو بھی سیخ پا کر دیا اور انہوں نے شدید احتجاج شروع کر دیا۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے راہ فرار اختیار کرنے میں عافیت جانی، صحافیوں نے صوبائی وزیر کی گاڑی کا راستہ روک کر بھی احتجاج کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں