کھیلوں کی خبریں ؛ریال میڈرڈ نے ریکارڈ چوتھی بار فٹبال کلب ورلڈکپ جیت لیا،ناقص امپائرنگ نے جینٹل مین کے کھیل کو داغدار کردیا،علی ترین نے اپنی ٹیم کیلئے شائقین سے نام مانگ لئے ہیں،سرفراز غصے کا تیز لیکن اچھا کپتان ہے،یاسر شاہ23ملین ڈالرز دو یا ورلڈ کپ 2023ء کی میزبانی چھن جائیگی،پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقا کو شکست دینے کیلیے پرعزم

ریال میڈرڈ نے ریکارڈ چوتھی بار فٹبال کلب ورلڈکپ جیت لیا
ابوظہبی؛ ریال میڈرڈ نے ریکارڈ چوتھی بار فٹبال کلب ورلڈکپ جیت لیا، فائنل میں العین کو چار ایک کی شکست سے دوچار کیا۔ابوظہبی کے فٹبال سٹیڈیم میں کلب ورلڈکپ کا ٹائٹل مقابلہ ہوا، سپین کے رال میڈرڈ اور العین کلب کے مابین فائنل میچ میں رالف میڈرڈ کے کھلاڑیوں نے برتری کی دھاک بٹھاتے ہوئے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے والے موڈرک نے 14ویں منٹ گول کر دیا دوسرے ہاف مہمان کھلاڑی زیادہ تیز ہو گئے۔ ہیڈر، ایکروبیٹک سٹائل اور خوبصورت ککس نے پرستاروں کو گویا دیوانہ بنا لیا۔ ساٹھ اور 78 منٹ میں کامیابی حاصل کی جبکہ انجری ٹائم میں انہیں اون گول ملا۔العین کلب کی طرف سے واحد گول شیوٹینی نے کیا، چار ایک کی فتح سے ریال میڈرڈ نے چوتھی بار فیفا کلب ورلڈکپ ٹرافی جیتنے کی تاریخ رقم کر دی۔

کندھے کی انجری،محمد عباس جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر
لاہور؛پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس جنوبی افریقہ کیخلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو سنچورین میں کھیلا جائے گا جس کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کیونکہ فاسٹ باؤلر محمد عباس کندھے کی انجری سے نجات نہ پاسکے۔قومی سپنر شاداب خان بھی شاداب خان مکمل فٹ نہ ہو سکے۔دونوں کھلاڑیوں کے ری ہیب کے عمل میں کوئی بھی بہتری نہ آسکی۔شاداب خان کے بھی مکمل فٹ ہونے میں ابھی وقت درکار ہے،تین روزہ پریکٹس میچ میں بھی دونوں باؤلرز ایکشن میں نہیں تھے۔خیال رہے کہ محمد عباس کندھے اور شاداب خان گروئن انجری کا شکار ہیں۔

ناقص امپائرنگ نے جینٹل مین کے کھیل کو داغدار کردیا
ڈھاکا؛ بنگلہ دیشی امپائر کی ناقص امپائرنگ نے کرکٹ کے کھیل کو داغدار کردیا۔غلط نو بال دینے پر ویسٹ انڈین ٹیم نے احتجاج کیا اور ٹی ٹوئنٹی میچ آٹھ منٹ تک رکا رہا۔ڈھاکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں نو بال پر تماشا لگ گیا۔ بنگلہ دیشی امپائر تنویراحمد کرکٹ قوانین سے لاعلم نکلے اورمیچ 8 منٹ تک رکا رہا۔امپائر تنویر احمد نے پہلے غلط نو بال دی جس پر بنگلہ دیشی بلے باز لتن داس کیچ آوٹ ہوگئے۔ ویسٹ انڈین کپتان نے بڑی اسکرین پر ری پلے دیکھنے کے بعد ری ویو لے لیا تب امپائر تنویر احمد نے لتن داس کوآؤٹ قرار دے دیا۔اس مرحلے پر میچ ریفری جیف کرو کومداخلت کرنا پڑی۔ جیف کرو نے بتایا کہ قوانین کے تحت فیلڈ امپائر نو بال دے تو اسے چیلنج نہیں کیا جاسکتا اس لئے داس آؤٹ نہیں تھے۔ویسٹ انڈیز کے کپتان بریتھ ویٹ نے فیصلے پر احتجاج کیا اور بحث بھی کی لیکن آخر میں انھیں قوانین کے آگے جھکنا پڑا۔ امپائر کے متنازعہ فیصلوں کے باوجود میچ ویسٹ انڈیز نے جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔

شائقین فٹبال کیلئے بڑی خوشخبری،ریکارڈو کاکا اور لوئس فیگو جنوری میں پاکستان آئیں گے
کراچی؛فٹبال شائقین ہو جائیں تیار ،سٹار ز کھلاڑی ریکارڈو کاکا اور لوئس فیگو جنوری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق برازیل کے کاکا اور پرتگال کے کے فیگو دس جنوری کو کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے جبکہ اپریل میں مزید کھلاڑیوں کے ساتھ کراچی اور لاہور میں ان ایکشن ہوں گے۔اس سے قبل برازیلین سٹار رونالڈینیو او ر انگلش کھلاڑی ریان گگز سمیت 7 انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کراچی اور لاہور میں نمائشی میچ کھیلے تھے۔

علی ترین نے اپنی ٹیم کیلئے شائقین سے نام مانگ لئے ہیں
لاہور؛پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کے فائنل ہونے کے بعد نئی اور چھٹی ٹیم کا نام فائنل ہونا رہ گیا جس کیلئے انتظامیہ نے فیصلہ شائقین پر چھوڑ دیا۔ذرائع کے مطابق علی ترین کی ٹیم انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کا نام تجویز کرو اور لائیو میچ کادعوت نامہ حاصل کرو۔پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم خریدنے والے جہانگیرخان ترین کے صاحبزادے علی ترین نے اپنی ٹیم کیلئے شائقین سے نام مانگ لئے ہیں۔ٹویٹر پرایک پیغام میں علی ترین نے کہاکہ شائقین ایسانام تجویز کریں جو جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرتاہو۔انہوں نے مزیدکہاکہ وہ ٹیم کے نام کے ساتھ ملتان برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاہم ہم ملتان سلطان والے نام میں سے سلطان کوتبدیل کرسکتے ہیں۔اس سے قبل پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی بولی لاہور میں ہوئی جس میں علی ترین کامیاب بڈر ٹھہرے اور اس طرح انہوں نے7سال کیلئے چھٹی ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کر لئے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’’چھٹی ٹیم ‘‘ کی 7سال کے لیے قیمت 73کروڑ روپے سالانہ رکھی گئی تھی تاہم علی ترین نے اس سے بھی زیادہ کی بولی لگا ئی ہے،پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم تقریبا73کروڑ روپے میں فروخت ہوئی ہے۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی ترین نے کہا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ پی ایس ایل میں ایک بار پھر جنوبی پنجاب کی ٹیم نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھٹی ٹیم ملتان کا نام مشاورت سے رکھیں گے اور اگر قانون نے اجازت دی تو ملتان سلطانز نام رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ٹیلنٹ تلاش کریں گے۔
پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقا کو شکست دینے کیلیے پرعزم
سنچورین؛جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑی آج پریکٹس کریں گے۔پاک جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز کے آغاز میں صرف 3 روز باقی رہ گئے۔ پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہوگا۔سخت حریف اور مشکل کنڈیشنز سے نمٹنے کیلئے پاک شاہین آج ہلکی پھلکی ٹریننگ کرینگے۔ انوی ٹیشنل الیون کے خلاف میچ میں پاکستان نے کامیابی تو حاصل کی لیکن پریکٹس میچ میں ہونیوالی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔فاسٹ بولرمحمد عباس انجری سے تاحال صحتیاب نہیں ہوسکے ہیں اس لئے پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔
23ملین ڈالرز دو یا ورلڈ کپ 2023ء کی میزبانی چھن جائیگی ،آئی سی سی کا بی سی سی آئی کو انتباہ
دبئی؛انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے رواں سال 31دسمبر تک ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء ے دوران ٹیکسز کی مد میں کاٹے گئے 23ملین ڈالرز(تقریبا160کروڑ بھارتی روپے) ادا نہ کیے تو اسے ورلڈ کپ2023ء کی میزبانی سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔ سابق صدر بی سی سی آئی ششانک منوہر کی سربراہی میں کرکٹ کو عالمی سطح پر چلانے والی گورننگ باڈی بھارتی کرکٹ بورڈ سے 2016ء میں وفاقی اور ریاستی سطح پر کاٹے گئے ٹیکسز کی رقم کی واپسی چاہتی ہے، آئی سی سی نے بی سی سی آئی کو اس سلسلے میں یاددہانی بھی کرا دی ہے جن کا ذکر اکتوبر میں سنگاپور میں ہونے والی آئی سی سی بورڈز میٹنگ کے منٹس میں بھی ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ جس کی باگ دوڑ اس وقت سپریم کورٹ کی جانب سے نامز د کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے ہاتھ میں ہے ،کے پاس آئی سی سی کے مطالبے پر عمل کرنے کے لیے 10سے بھی کم دنوں کا وقت ہے۔آئی سی سی نے دھمکی دی ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ رقم دینے میں ناکام رہا تو وہ بی سی سی آئی کے رواں سال کے منافع کے حصے میں سے یہ رقم کا ٹ لے گا ،آئی سی سی نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر بی سی سی آئی نے رقم ادا نہ کی تو وہ بھارت میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2021ء اور ورلڈ کپ2023ء کی میزبانی کے لیے ’’دیگر آپشنز‘ ‘ پر بھی غور کرسکتا ہے۔آئی سی سی کے تمام ایونٹس کے آفیشنل براڈ کاسٹر ’’سٹار ٹی وی‘‘ نے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء کے بعد آئی سی سی کو رقم ادا کرنے سے قبل 23ملین ڈالرز بطور ٹیکس کاٹ لیے تھے اور اب آئی سی سی چاہتی ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ انہیں یہ رقم واپس کرے۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ایسی میٹنگ کے منٹس شیئر کرے جس میں بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو یہ رقم واپس کرنے کی یقین دہانی کروائی ہو،بھارتی بور ڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک آئی سی سی نے کسی بھی ایسی میٹنگ کے منٹس ان کے ساتھ شیئر نہیں کیے ہیں ، بی سی سی آئی کے اس وقت کے چیئر مین سری نواسن نے اس وقت اور بعد میں بھی کبھی آئی سی سی کو یہ یقین دہانی نہیں کروائی کہ اگر آئی سی سی کو ٹیکسز کی مد میں کسی قسم کا ریلیف نہ ملا تو وہ یہ پیسے واپس کرے گی ، اب آئی سی سی ایسی کسی بھی میٹنگ کے منٹس شیئر کرنے سے کترا رہی ہے کیوں کہ ایسی کوئی میٹنگ کبھی ہوئی ہی نہیں تھی ، وہ صرف بھارت سے ان پیسوں کی ریکوری کرنا چاہتے ہیں ، ہمیں اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ ٹیکس معاملات کے بارے میں یہ عدم اعتماد موجود ہ آئی سی سی چیئر مین ششانک منوہر اور سابق بی سی سی آئی چیئر مین سر ی نواسن کے مابین لمبے عرصے تک جاری رہنے والی چو مکھی کی لڑائی کا نتیجہ ہے ، ششانک منوہر نے بار بار اپنے ذاتی ایجنڈے کے لیے بی سی سی آئی کو نشانہ بنایا ہے۔بی سی سی آئی کے ایک ممبر کا کہنا ہے کہ اگر آئی سی سی ایسی کسی میٹنگ کے منٹس دینے میں ناکام رہی تو اسے کسی بھی قسم کی کوئی پیمنٹ نہیں کی جائے گی اور اگر اس نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سالانہ رینیو شیئر میں سے یہ رقم کاٹی تو بی سی سی آئی قانونی چارہ جوئی کرے گی۔ ایک سینئر بی سی سی ممبر کا کہنا تھا کہ جو ہاتھ آپ کو کھلا رہا ہو اسی کو کاٹ دو؟کیا نوبت یہاں تک آپہنچی ہے ؟ ،ایک سپورٹس باڈی جس کی اقتصادی ویلیو میں بڑا حصہ بھارت کی تجارتی ویلیو پر منحصر کرتا ہو وہی اب ہمیں کہ رہی ہے کہ بھارت ورلڈ کپ کی میزبانی نہیں کرسکتا ؟ ،اور وہ بھی تب جب ایک بھارتی ہی اس کی سربراہی کررہا ہے؟ کیا مذاق ہے۔
سرفراز غصے کا تیز لیکن اچھا کپتان ہے،یاسر شاہ
لاہور(سی ایم لنکس)ٹیسٹ کرکٹ میں تیزترین200وکٹوں کیریکارڈ ہولڈر یاسرشاہ وکٹ کیپنگ بھی کرتے رہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ ان کے والد کے کوچز نے قائل کیا تھا کہ بیٹے کو کرکٹ کے میدان میں لائیں،یہ بہت آگے جائے گا۔ سرفرازغصہ کا تیزلیکن اچھا کپتان ہے۔لیگ اسپن اور گگلی کے ماہربالر یاسر شاہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام اسپورٹس ایکشن میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ کی ابتدا میں وکٹ کیپنگ کی تھی۔ یاسر کا کہنا تھا کہ شین وارن کودیکھ کربولنگ کا شوق پیدا ہوا۔ شین وارن نے صبروتحمل سے گیند کرانے کا مشورہ دیا اور بتایا کہ کسی بیٹسمین کوآؤٹ کرنا مشکل نہیں ہوتا۔لیگ اسپنر نے انکشاف کیا کہ ٹینس کی گیند سے فاسٹ بولنگ بھی کرچکا ہوں جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا کبھی سوچا نہیں تھا۔ انھوں نے بتایا کہ کوچزنے والد کو قائل کرنے میں مدد کی۔بین الاقوامی کرکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دورہ زمبابوے میں شاہد آفریدی ٹیم سے باہرہوئے توانھیں ٹیم میں آنے کا موقع ملا۔اس کے بعد شاہد آفریدی کی ٹیم میں واپسی پر2011میں ٹیم سے باہرہوگئے تھے۔ یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ موقع نہ ملنے پرہمت نہیں ہاری،محنت جاری رکھی۔ریکارڈساز کھلاڑی نے بتایا کہ اسمتھ کوکیرئیر میں سب زیادہ آؤٹ کیا۔انھوں نے تسلیم کیا کہ عمران خان لیجنڈ ہیں، ان کو پیچھے نہیں چھوڑسکتا۔یاسر شاہ کا کہنا تھاکہ 35میچزمیں200وکٹوں کا ٹارگٹ بنایا تھا،انجری کے بعد ردھم میں آنے کیلئے بہت محنت کی۔انھوں نے مزید بتایا کہ کوچز بیٹنگ کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں،سرفرازغصہ کا تیزلیکن اچھا کپتان ہے۔پچھلی سیریز ہارنے پر ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز بیٹنگ کی مشکلات کے باعث ہارے۔ورلڈ ریکارڈ بن گیا، خوشی تب ہوتی جب سیریز جیتتے تاہم اس میں کچھ غلطیاں ٹیل اینڈرز نے بھی کی ہیں۔کرکٹ اکیڈمی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ صوابی میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،اچھے کھلاڑی آرہے ہیں لیکن فی الحال اکیڈمی کیلئے کم وقت نکال پاتا ہوں۔جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے متعلق یاسرشاہ بولے کہ اس دورے میں بلے بازوں کو پریشانی ہوتی ہے تاہم اس ٹیم کیخلاف اچھی بولنگ کی کوشش کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں